ویانا، آسٹریا (عامرصدیق سے)آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ حملوں اور فلسطین میں جاری ظلم و جبر کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ مظاہرہ معروف تجارتی مقام ماریہ حلفر اسٹراسے (Mariahilfer Straße) کے سامنے کیا گیا جہاں مظاہرین نے ایرانی اور فلسطینی پرچم تھامے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرہ ایرانی اور فلسطینی طلباء کی جانب سے منظم کیا گیا جس میں آسٹریا سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز کے ذریعے مشرق وسطیٰ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کی اور امریکہ و اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں فوجی مداخلت بند کریں۔
مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ “ایران اور فلسطین کے نہتے شہریوں، بچوں اور بزرگوں پر بمباری ناقابلِ برداشت اور انسانیت کے خلاف جرم ہے۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ “اسرائیلی جارحیت کے خلاف خاموش رہنے والے ممالک بھی فلسطینیوں کے قتل عام میں برابر کے شریک ہیں۔”
شرکاء نے اقوامِ متحدہ اور تمام اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں اور مظلوم عوام کیلئے عالمی سطح پر عملی اقدامات کیے جائیں۔یہ احتجاج ایک بار پھر دنیا کو یاد دلاتا ہے کہ امن، انصاف اور انسانی حقوق کی حفاظت کیلئےعالمی برادری کی بیداری اور فعال کردار ناگزیر ہے۔

