مکہ مکرمہ(بیورورپورٹ) سعودی عرب کی حج سیکیورٹی فورسز نے حج 2025 کے موقع پر غیر قانونی طور پر حج کرنے والوں کی روک تھام اور حج کے مجموعی نظام کو مؤثر بنانے کیلئےجدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرون طیاروں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق، یہ ڈرونز مکہ مکرمہ کے صحرائی اور مضافاتی علاقوں میں مشکوک نقل و حرکت کی نگرانی کر رہے ہیں، تاکہ وہ افراد جو بغیر اجازت اور قانونی تقاضے پورے کیے بغیر حج کی ادائیگی کی کوشش کرتے ہیں ان کی نشاندہی اور گرفتاری بروقت ممکن ہو سکے۔
سیکیورٹی فورسز کے ترجمان نے بتایا کہ”ہماری ترجیح ہے کہ رواں برس حج کے دوران نظم و ضبط اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔ غیر قانونی حج کو روکنا نہ صرف شرعی اصولوں بلکہ عوامی تحفظ کیلئےبھی ضروری ہے۔”
ترجمان کے مطابق روزانہ سینکڑوں افراد کو حراست میں لیا جا رہا ہے اور ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ڈرونز کے ذریعے نگرانی کا مقصد حج کے عمل کو بہتر، محفوظ اور منظم بنانا ہے۔
یہ اقدام اس بات کا عکاس ہے کہ سعودی عرب مسلسل اپنے حج انتظامات کو عالمی معیار کے مطابق ڈھال رہا ہے اور تکنیکی ترقی کو عبادات کے بہتر انتظام میں مؤثر طور پر بروئے کار لا رہا ہے۔

