اسرائیل نے تہران میں ٹی وی چینلز، ہسپتالوں، عوامی املاک پر بمباری کردی

تہران / تل ابیب ( اے ایف پی / فارس نیوز / ٹائمز آف اسرائیل / تسنیم نیوز / مہر نیوز)ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں غیرمعمولی شدت آ گئی ہے، اسرائیل نے پیر کی صبح ایران کے دارالحکومت تہران میں سرکاری اداروں، عوامی املاک، ہسپتالوں، میڈیا اسٹیشنز، اور دیگر شہری اہداف پر وسیع پیمانے پر بمباری کی۔

تہران میں سرکاری ٹی وی چینل پر حملہ، نشریات معطل، عملہ زخمی
ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے تہران میں سرکاری ٹی وی چینل کی عمارت کو نشانہ بنایا۔ حملے کے وقت نشریات جاری تھیں اور بمباری کے باعث اسٹوڈیو کی چھت کا ملبہ عملے پر جا گرا، جس کے باعث نشریات وقتی طور پر معطل ہو گئی تھیں، تاہم بعد میں بحال کر دی گئیں۔

قم اور سواہ ہائی ویز، کرمان شاہ ہسپتال اور ایلام میں فائر اسٹیشن پر بھی حملے
اسرائیلی فضائی کارروائی میں قم ہائی وے، سواہ ہائی وے، کرمان شاہ کے فارابی ہسپتال اور ایلام صوبے کے شہر موسیان میں فائر بریگیڈ اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال کی ویڈیو میں ٹوٹے شیشے، منہدم چھتیں اور مریضوں کے کمروں میں تباہی دیکھی جا سکتی ہے۔

تہران میں شہری ہلاکتیں اور زخمی، اسپتالوں پر بمباری
مشرقی و مغربی تہران میں کیے گئے حملوں میں متعدد شہری زخمی ہوئے، جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ اے ایف پی کے مطابق مغربی ایران میں ایک بڑے ہسپتال کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

اسرائیلی دعویٰ: تہران کی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول، میزائل لانچرز تباہ
اسرائیلی فوج (IDF) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے 50 سے زائد لڑاکا طیاروں نے کارروائیاں کرتے ہوئے 120 سے زائد ایرانی زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل لانچرز تباہ کیے، جو ایران کے مجموعی میزائل لانچرز کا تقریباً ایک تہائی حصہ ہیں۔

ایران نے دعویٰ مسترد کر دیا، ہتھیاروں کے ذخائر محفوظ قرار
ایرانی مسلح افواج نے اسرائیلی دعویٰ کو “مضحکہ خیز” اور “جھوٹا” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ہتھیار زیرِ زمین محفوظ تنصیبات میں محفوظ ہیں اور ابھی اسٹریٹجک سطح کے ہتھیار استعمال نہیں کیے گئے۔

ایران کا جواب: 8 اسرائیلی ڈرون تباہ، اسرائیلی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا عندیہ
تسنیم نیوز کے مطابق ایرانی فوج نے مغربی ایران میں ایم کیو 9 سمیت 8 اسرائیلی جدید ڈرونز تباہ کیے۔ علاوہ ازیں، اسرائیلی حملوں کے جواب میں قم ہائی وے پر اسلحے کے ٹرک پر بمباری کے اسرائیلی دعوے کو بھی ایران نے جھوٹا قرار دیا۔

وزیر دفاع اسرائیل کی دھمکی: تہران کے شہری قیمت چکائیں گے.اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گالینٹ نے کہا ہے کہ“تہران کے شہری ایرانی میزائل حملوں کی قیمت چکائیں گے۔”

اس بیان کو ایرانی شہریوں کو براہ راست نشانہ بنانے کی کھلی دھمکی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا اعلان: جوہری پروگرام مکمل ختم کریں گے
نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل اب ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر تباہ کرنے کے راستے پر چل پڑا ہے تاہم اقوام متحدہ کے نگرانوں نے کہا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات کو کوئی نیا نقصان نہیں پہنچا۔

ایران کا دفاعی نظام ناکارہ بنانے والے اسرائیلی لانچرز پکڑے جانے کا دعویٰ
ایرانی انٹیلی جنس نے اعلان کیا ہے کہ اسپائیک میزائل لانچرز اور انٹرنیٹ سے چلنے والے خودکار سسٹمز کو پکڑ لیا گیا ہے جو ایران کے فضائی دفاع کو ناکارہ بنانے کیلئے استعمال کیے جا رہے تھے۔

اسرائیل: آپریشن 2 تا 3 ہفتے جاری رہ سکتا ہے
اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف موجودہ فوجی مہم 2 سے 3 ہفتے جاری رہ سکتی ہے۔ آپریشن کا دائرہ سیاسی، عسکری اور معاشی اہداف تک پھیلایا جا سکتا ہے۔ان کے بقول”اگر ایران سفارتی مذاکرات چاہتا ہے تو پہلا قدم اسے اٹھانا ہوگا۔”

اپنا تبصرہ لکھیں