دبئی ایئرپورٹ پروازوں کیلئےمکمل بحال — اماراتی ایئرلائن کی معمول کے شیڈول کی تصدیق

دبئی / ابوظبی(بیورورپورٹ)متحدہ عرب امارات میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) کو عارضی بندش کے بعد دوبارہ مکمل طور پر پروازوں کیلئےکھول دیا گیا ہے۔ اماراتی حکام نے فضائی سیکیورٹی سے متعلق احتیاطی جائزے کے بعد ایئر ٹریفک بحال کرنے کا اعلان کیا۔

اماراتی ایئرلائن کا بیان: پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی،امارات ایئرلائن نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے’’ہم دبئی ایئرپورٹ سے پروازوں کا آپریشن معمول کے مطابق جاری رکھ رہے ہیں، تمام پروازیں طے شدہ شیڈول کے مطابق روانہ و روانی ہو رہی ہیں۔‘‘

ایئرلائن نے مزید واضح کیا’’موجودہ علاقائی کشیدگی کے پیش نظر ہماری پروازیں متاثرہ علاقوں سے دور فضائی راستوں کو استعمال کر رہی ہیں تاکہ مسافروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔‘‘

یہ بحالی اس وقت عمل میں آئی ہے جب ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملوں کے بعد متحدہ عرب امارات نے عارضی طور پر فضائی حدود بند کر دی تھی۔ اس فیصلے کے نتیجے میں دبئی اور ابوظبی ایئرپورٹس کی درجنوں پروازیں متاثر ہوئیں،متعدد پروازیں متبادل ممالک کی جانب منتقل کی گئیں،کچھ پروازوں کو فضائی راستوں میں تبدیلی کر کے تاخیر سے روانہ کیا گیا۔

یو اے ای سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق’’علاقائی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ ہم بین الاقوامی شراکت داروں سے رابطے میں ہیں اور تمام پروازوں کیلئے محفوظ اور متبادل راستے فراہم کیے جا رہے ہیں۔‘‘

تمام مسافروں سے گزارش کی گئی ہے کہ اپنی فلائٹ کی تازہ ترین حیثیت کیلئے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں،ایئرپورٹ پر وقت سے پہلے پہنچنے کو یقینی بنائیں،اماراتی ایئرلائن اور سول ایوی ایشن کی ویب سائٹس پر جاری کردہ سیکیورٹی اور فلائٹ اپڈیٹس پر نظر رکھیں۔

دبئی ایئرپورٹ کی بحالی سے خلیجی فضائی سفر میں وقتی تعطل کا خاتمہ متوقع ہے، تاہم موجودہ کشیدہ حالات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات جاری رہیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں