آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان کا شاندار آغاز

آئرلینڈ کو 38 رنز سے شکست،سدرہ امین، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور سعدیہ اقبال کی عمدہ پرفارمنس

گرمی کے باعث شائقین نے قذافی سٹیڈیم کا رخ نہ کیا، کھلاڑی عمدہ کھیل پر داد کو ترستی رہیں

دوسرے میچ میں سکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو گیارہ رنز سے
شکست دے کر مخالف ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

لاہور:پاکستان ویمنز نے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر کے افتتاحی میچ میں آئرلینڈ کو 38 رنز سے شکست دے کراپنی مہم کاعمدہ آغاز کردیا۔ میچ کی خاص بات عالیہ ریاض اور سدرہ امین کی نصف سنچریاں جبکہ نشرہ سندھو، ڈیانا بیگ اور سعدیہ اقبال کی شاندار بولنگ تھی۔گرم موسم کے باعث شائقین کی نہایت قلیل تعدادحالیہ تزئین شدہ قذافی سٹیڈیم میں موجود تھی جس کے باعث قومی کھلاڑی عمدہ کھیل کے باوجود داد کو ترستی رہیں۔ پی سی بی کی جانب سے شائقین خصوصاً سکول اور کالج کے طلباء و طالبات کو سٹیڈیم لانے کیلئے بھی خاطر خواہ انتظام نہ کئے گئے اورآئی سی سی ایونٹ ہونے کے باوجود دنیا کے بہترین سٹیڈیمز میں شامل قذافی سٹیڈیم میں جس کی تزئین و آرائش پر چند ماہ قبل ہی اربوں روپے خرچ کئے گئے تھے میزبان ٹیم کے میچ میں بھی ہو کا عالم رہا۔

قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی جو 49 اوورز میں 217 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔آئرلینڈ کی ٹیم جواب میں 44 اوورز میں 179 رنز بناسکی۔پاکستان کی اننگز میں عالیہ ریاض نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے52 اور سدرہ امین نے51 رنز کی اننگز کھیلی جس میں تین چوکے شامل تھے۔منیبہ علی نے 32 رنز سکور کئے۔منیبہ علی اور سدرہ امین نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 77 رنز کا اضافہ کیا۔ سدرہ امین اور عالیہ ریاض کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 72 رنز بنے۔آئرلینڈ کی طرف سے جین میگائر نے 33 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔آرلین کیلی اور کارا مرے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔آئرلینڈ کی اننگز میں کپتان گیبی لوئس اور ایمی ہنٹر نے 44۔ 44 رنز سکور کیے۔ ان دونوں کو نشرہ سندھو نے آؤٹ کیا۔انہوں نے اپنی تیسری وکٹ لورا ڈیلینی کو آؤٹ کرکے حاصل کی اور 41 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ڈیانا بیگ اور سعدیہ اقبال نے بھی شاندار بولنگ کرکے آئرلینڈ کی بیٹنگ کو بکھیر کر رکھ دیا۔ ڈیانا بیگ نے35 رنز دے کر4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی وکٹوں کی نصف سنچری بھی مکمل کرلی۔ سعدیہ اقبال نے33 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ایک موقع پر آئرلینڈ نے2 وکٹوں پر113 رنز بنائے تھے لیکن پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کے نتیجے میں اس کی آخری 8 وکٹیں سکور میں صرف66 رنز کا اضافہ کرپائیں۔پاکستان ویمنز ٹیم اپنا دوسرا میچ جمعہ کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ دن کے دوسرے میچ میں سکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کانٹے دار مقابلے کے بعد گیارہ رنز سے کامیابی حاصل کرکے سب کو حیران کردیا۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ پر سکاٹ لینڈ کے 244 کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 233 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز نے ایونٹ کی پہلی سنچری سکور کرتے ہوئے ناقابل شکست 114 رنز بنائے لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں