آبنائے ہرمز (میری ٹائم ذرائع، ایرانی حکام، امریکی سینٹ کام)ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی مسلح کشتیوں نے آبنائے ہرمز میں امریکی پرچم والے ایک جہاز کو گھیر لیا۔ میری ٹائم ذرائع کے مطابق ایرانی کشتیوں نے عمان کے شمال میں امریکی پرچم والے جہاز تک رسائی حاصل کی اور اسے رکنے کا کہا، تاہم جہاز بغیر رکے اپنا سفر جاری رکھے رہا۔
میری ٹائم ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران پاسدارانِ انقلاب کی متعدد مسلح کشتیاں امریکی پرچم والے جہاز کے گرد موجود رہیں۔ ایرانی عہدیدار کے مطابق امریکی پرچم والا جہاز بغیر اجازت ایرانی پانیوں کی حدود میں داخل ہوا تھا، جس پر اسے وارننگ دی گئی، بعد ازاں جہاز علاقے سے نکل گیا۔
امریکی سینٹرل کمان (سینٹ کام) کے ترجمان نے آبنائے ہرمز کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی کشتیوں نے امریکی پرچم والے جہاز کو روکا اور عملے کو ہراساں کیا۔ ترجمان کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی کشتیاں اور ایرانی ڈرون بھی جہاز کے قریب آئے اور جہاز کو قبضے میں لینے کی دھمکیاں دی گئیں۔

