پیپلز پارٹی نے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی
مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کیلئےفیصل ممتاز راٹھور کو امیدوار نامزد کرتے ہوئے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی۔
پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین نے جمعے کو سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا”ہمارے چیئرمین نے فیصلہ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل فیصل راٹھور کو وزارت عظمیٰ کیلئےنامزد کریں گے۔ آج ہی ہم عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے جا رہے ہیں، انشا اللہ اگلے چند دنوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہو جائے گی۔”
راجا پرویز اشرف نے کہا”فیصل راٹھور پڑھے لکھے، نوجوان اور تجربہ کار رہنما ہیں اور اس سے قبل بھی اسمبلی کا حصہ رہ چکے ہیں۔”بعدازاں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پیش کر دی گئی، اور تحریک کامیاب ہونے کی صورت میں فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیر اعظم ہوں گے۔
یاد رہے کہ 28 اکتوبر کو ذرائع نے ڈان کو بتایا تھا کہ وزارتِ عظمیٰ کیلئےچوہدری لطیف اکبر، چوہدری یاسین، فیصل راٹھور اور سردار یعقوب کے نام زیر غور تھے۔آزاد جموں و کشمیر کے آئین کے تحت تحریک عدم اعتماد لانے والوں کیلئے ضروری ہے کہ موجودہ وزیراعظم کی جگہ نیا امیدوار بھی تجویز کریں اور تحریک عدم اعتماد پیپلز پارٹی کے امیدوار کے حتمی اعلان کے فوراً بعد جمع کرا دی جائے۔

