آزربائیجان:پاکستانی عبد الرحمٰن نے برانز میڈل جیت لیا، بیلاروس اور ترکمانستان کو شکست

باکو (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے پہلوان محمد عبد الرحمٰن نے ’سی آئی ایس گیمز 2025‘ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65 کلوگرام کیٹیگری میں بیلاروس اور ترکمانستان کے پہلوانوں کو شکست دے کر برانز میڈل اپنے نام کر لیا۔

یہ میڈل پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ریسلنگ کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ہے، جس میں روس، بیلاروس، آزربائیجان، ازبکستان اور ترکمانستان جیسے ٹاپ ریسلنگ ممالک شریک تھے۔

محمد عبد الرحمٰن نے ایونٹ میں غیر معمولی مہارت اور طاقت کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں انہوں نے دو سخت حریفوں — بیلاروس اور ترکمانستان — کو شکست دے کر پاکستان کو اعزاز دلایا۔

صدر پاکستان ریسلنگ فیڈریشن ارشد ستار نے اپنے بیان میں کہا کہ “یہ کامیابی پاکستان کے ریسلرز کی عالمی سطح پر صلاحیتوں کا ثبوت ہے، ہم پاکستان اسپورٹس بورڈ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ریسلنگ کو ترجیح دی۔”

جنرل سیکریٹری انعام بٹ نے کوچ فرید علی، عبد الرحمٰن اور ان کی فیملی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ “فیڈریشن کا فوکس یوتھ پر ہے اور ہمیں یقین ہے کہ آئندہ ایشین یوتھ گیمز میں بھی ہمارے کھلاڑی ملک و قوم کا نام مزید روشن کریں گے۔”

پاکستانی پہلوان عبد الرحمٰن کی اس شاندار کامیابی نے قومی ریسلنگ فیڈریشن اور کھیلوں کے شائقین کو نئی امید دی ہے اور یہ عالمی اسٹیج پر پاکستان کی ریسلنگ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں