آسمان پر ’6 سیاروں کی پریڈ‘ کی خوبصورت تصویر منظر عام پر

آسمان پر نظر آنے والے قدرت کے نایاب اور دلکش نظارے ’6 سیاروں کی پریڈ‘ کی خوبصورت تصویر منظرِ عام پر آگئی ہے۔

لائیو سائنس کی رپورٹ کے مطابق، ایک فلکیاتی فوٹوگرافر جوش ڈوری نے روان ہفتے کے آغاز میں طلوع فجر کے وقت آسمان پر ہمارے نظام شمسی کے 6 سیاروں کی پریڈ کے نایاب اور شاندار منظر کا نظارہ کیا اور اس کی تصویر بھی کھینچی۔

اس تصویر میں مرکری، مریخ، مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون کو سیدھے ایک قطار میں دیکھا جا سکتا ہے۔

سیارے مریخ اور زحل کو چاند کے قریب واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ باقی سیارے کافی دور تھے اس لیے اُنہیں انسانی آنکھ سے دیکھنا مشکل تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جوش ڈوری نے 1 جون کو برطانیہ میں سمرسیٹ کاؤنٹی میں چونے کے پتھر کی پہاڑیوں کے ایک سلسلے’دی مینڈیپ ہلز‘ سے سیاروں کی پریڈ کے اس منظر کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں قید کیا۔

اس حوالے سے جوش ڈوری کا کہنا ہے کہ یہ واقعی ایک خاص تجربہ تھا جیسے جیسے وقت گزرتا گیا پوری کائنات کو چھوڑ کر ایک کے بعد ایک سیارے کو ابھرتے ہوئے اپنی آنکھوں سے دیکھنا اور ان کی تصاویرکھینچنا لاجواب تھا اور واقعی میں نظام شمسی کے اندر ہمارے مقام کے تناظر کے احساس کو سمیٹ رہا تھا۔

یاد رہے کہ ایسے مناظر اس وقت رونما ہوتے ہیں جب آسمان پر دو یا دو سے زیادہ سیارے ایک دوسرے کے قریب ہوتے دکھائی دیتے ہیں اور یہ سیارے صرف ہمیں زمین سے دیکھنے میں ہی ایک دوسرے کے قریب ہوتے نظر آتے ہیں جبکہ حقیقت میں ایک دوسرے سے بہت دور ہی ہوتے ہیں۔

آسمان پر اس طرح کے دلکش مناظر بہت کم ہی دیکھنے کو ملتے ہیں یہاں تک کہ نظامِ شمسی میں ایک دوسرے سے کم فاصلے پر موجود تین سیارے عطارد، زہرہ اور زمین بھی ہر 39.6 سال بعد آسمان پر ایک دوسرے کے قریب سیدھے ایک قطار میں نظر آتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں