اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخی کامیابی پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئےآج 16 مئی 2025 کو ملک بھر میں یو م تشکر منا یا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے اور معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں 16 مئی کویو م تشکر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دن کا آغاز مسجدوں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے کیا جائیگاجب کہ وفاقی درالحکومت میں 31 اور صوبائی دارلحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائیگی۔مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد ہوگا، وفاقی اور صوبائی دارالحکومت میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جائینگے اور دعائیہ تقریب منعقد ہونگی جب کہ آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں کی جائینگی۔
یوم تشکر کی خصوصی تقریب رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس میں تمام مکاتب فِکرسے اہم شخصیات شرکت کرینگی۔
وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف مہمان خصوصی جب کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہ بھی تقریب کا حصہ ہونگے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ یومِ تشکر پاکستانی قوم کی ثابت قدمی اور اتحاد کی فتح کی علامت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم جمعہ کو اللہ رب العزت کے حضور سجدہ ریز ہو کر اُس کا شکر ادا کریگی کہ اُس نے ہمیں دشمن کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف تاریخی کامیابی عطا فرمائی۔

