اب بھی ایک بیڈ روم والے فلیٹ میں رہتا ہوں:سلمان خان

دبئی (شوبزڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ آج بھی ایک بیڈ روم، ایک ہال اور ایک کچن پر مشتمل اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں۔

دبئی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے اپنی سادہ طرزِ زندگی کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ اسی فلیٹ میں بالکل مطمئن ہیں۔ ان کے اس بیان پر حاضرین نے زور دار تالیاں بجائیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے لیے آسودگی اور مانوسیت فضول خرچی سے زیادہ اہم ہے اور ان کے پاس وہ سب کچھ موجود ہے جس کی انہیں ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ ان کے ہم عصر اداکار شاہ رخ خان کا ممبئی میں واقع بنگلہ ’’منت‘‘ خاصی شہرت رکھتا ہے، جبکہ سینئر اداکار امیتابھ بچن کا گھر بھی معروف ہے۔ ماضی میں سپر اسٹار راجیش کھنہ کا بنگلہ ’’آشیرواد‘‘ بھی بے حد مقبول رہا، تاہم سلمان خان نے اپنے خاندان کے ساتھ سادہ اپارٹمنٹ میں رہنے کو ترجیح دی ہے۔