اداکارہ حمیرا اصغر کی میت ورثا کے حوالے، والدین کی ناراضگی کی خبروں کی تردید

کراچی( نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں)کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی میت قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان کے بھائی نوید اصغر کے حوالے کر دی گئی۔ ورثا کی جانب سے میت وصول نہ کرنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا گیا۔

اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی میت کراچی میں ان کے بھائی نوید اصغر نے وصول کر لی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوید اصغر نے بتایا کہ ان کے والد کی اجازت سے وہ کراچی آئے اور بہن کی میت وصول کی، تمام قانونی تقاضے مکمل کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی طرف سے میت وصول نہ کرنے کی خبریں جھوٹ اور غلط فہمی پر مبنی ہیں۔

نوید اصغر کے مطابق، ان کی پھپھو کے انتقال اور والدین کی ذہنی پریشانی کے دوران حمیرا کے انتقال کی خبر اور میڈیا کی جانب سے مسلسل کالز والدین کیلئےمزید پریشانی کا باعث بنیں۔ انہوں نے بتایا کہ والد نے بار بار کالز پر کہا کہ اگر کوئی ایمرجنسی ہے تو تدفین کر دی جائے، مگر ان کی والدہ بیٹی کے بارے میں شدید فکرمند تھیں۔

اداکارہ کے بھائی نے بتایا کہ حمیرا آزاد مزاج تھیں اور اپنی مرضی سے کراچی آ کر رہائش پذیر تھیں۔ گزشتہ ڈیڑھ سال سے ان کا اہل خانہ سے رابطہ نہیں تھا۔ والدہ کی جانب سے بارہا پوچھنے کے باوجود حمیرا نے کبھی اپنی رہائش کا پتا نہیں بتایا۔

نوید نے مزید کہا کہ جب اداکارہ کا فون بند ہوا تو انہوں نے اور ان کی والدہ نے رابطے کی کوشش کی، تاہم کوئی کامیابی نہ ملی۔ بعد ازاں جب ان کی موت کی خبر ملی تو اہل خانہ سخت صدمے میں آ گئے۔ لاش کی حالت ایسی تھی کہ اسے اٹھانا بھی ممکن نہ تھا۔

اس موقع پر چھیپا ویلفیئر کے سربراہ رمضان چھیپا نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوید گزشتہ دو تین روز سے ان سے رابطے میں تھے اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی یہ بات کہ والدین میت وصول نہیں کرنا چاہتے، بالکل بے بنیاد ہے۔

واضح رہے کہ 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز VI میں واقع ایک فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی کئی ماہ پرانی لاش ملی تھی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی فرانزک شواہد سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ اداکارہ کی موت اکتوبر 2024 میں واقع ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فون ریکارڈز، سوشل میڈیا سرگرمیوں اور پڑوسیوں سے کی گئی تفتیش سے واضح ہوا ہے کہ اداکارہ ستمبر یا اکتوبر 2024 کے بعد زندہ نہیں تھیں۔

اداکارہ کی موت کی اصل وجوہات جاننے کیلئےفرانزک رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے، جس کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اہل خانہ نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ بغیر تصدیق کے منفی اور گمراہ کن خبریں نہ پھیلائی جائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں