سعودی عرب (انسٹاگرام/سوشل میڈیا) – ماضی کی مقبول ڈانسر و اسٹیج اداکارہ نرگس اور معروف مذہبی رہنما مولانا طارق جمیل کی ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے ہیں۔
ابتدائی طور پر اداکارہ نرگس نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی، جس کے بعد دیگر سوشل میڈیا پیجز نے بھی اسے شیئر کیا۔ ویڈیو میں دونوں کو ایک کمرے میں کرسیوں پر ایک دوسرے کے سامنے بیٹھا دیکھا جا سکتا ہے، اور نرگس نے حجاب اور عبایہ پہن رکھی تھی۔
ویڈیو میں نرگس نے بتایا کہ یہ ملاقات کافی عرصے بعد سعودی عرب میں مکہ ٹاور میں ہوئی۔ اداکارہ نے کہا کہ وہ مولانا طارق جمیل کی بہت بڑی مداح ہیں اور ان کی وجہ سے ہی وہ راہِ راست پر آئیں، اور ان کی زندگی میں تبدیلی لانے میں مولانا صاحب کا بڑا کردار ہے۔
نرگس نے مولانا طارق جمیل سے درخواست کی کہ وہ ان اور ان کے شوہر و بچوں کی بھلائی کیلئے دعا کریں۔ اداکارہ نے بتایا کہ ان کے شوہر بھی کچھ عرصہ قبل حج کی سعادت حاصل کر کے آئے ہیں۔
مولانا طارق جمیل نے نرگس کی تعریف کی کہ انہوں نے اپنے بیوٹی پارلر کی تمام ملازمین لڑکیوں کو عمرہ اور حج کروایا اور مسجد کی تعمیر بھی کروائی، جسے انہوں نے نیک عمل قرار دیا۔ مولانا صاحب نے نرگس سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، جس پر نرگس نے کہا کہ وہ ہمیشہ ان کیلئےدعائیں کرتی رہیں گی۔
وائرل ویڈیو کے بعد صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے دونوں کو اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی ترغیب دی اور نیک اعمال کی تعریف کی۔

