اسٹاک ہوم (رائٹرز) —نوبیل ایوارڈز کمیٹی نے 2025 کا ادب کا نوبیل انعام یورپی ملک ہنگری کے معروف ادیب و ناول نگار لاسزلو کراسزنہورکائی کو دینے کا اعلان کیا ہے۔سویڈش اکیڈمی کے مطابق لاسزلو کراسزنہورکائی کو یہ اعزاز ان کی شاندار ادبی خدمات اور فنِ تحریر میں قیامت خیز ماحول کے درمیان انسانی قوتِ تخیل اور فن کی طاقت کو اجاگر کرنے کی صلاحیت کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔
اکیڈمی نے اپنے بیان میں کہا کہ کراسزنہورکائی وسطی یورپ کی عظیم ادبی روایت کے وارث ہیں، جس کی جڑیں کافکا سے لے کر تھامس برن ہارڈ تک پھیلی ہوئی ہیں۔امریکی ناقد سوسن سونٹاگ نے انہیں “قیامت کا استاد” قرار دیا تھا۔ ان کا شہرۂ آفاق ناول ’ساتان ٹینگو‘ (Sátántangó) سن 1985 میں شائع ہوا، جو ہنگری کے ایک دیہی علاقے میں کمیونزم کے زوال سے قبل کی فضا اور انسانی مایوسی کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ ناول نہ صرف ہنگری بلکہ عالمی سطح پر بھی بے حد مقبول ہوا۔
لاسزلو کراسزنہورکائی نوبیل انعام جیتنے والے دوسرے ہنگری ادیب ہیں — اس سے قبل ایمرے کیرٹیز نے 2002 میں یہ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔کراسزنہورکائی کے کئی مشہور ناولوں پر ہنگری کے ممتاز فلم ساز بیلا ٹار نے فلمیں بنائیں، جن میں ’ساتان ٹینگو‘ اور ’دی ورک میسٹر ہارمونیز‘ شامل ہیں۔
ادبی ناقدین کے مطابق، ان کی تحریریں آج کے قاری پر گہرا اثر ڈالتی ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب دنیا روس-یوکرین جنگ اور فلسطین-اسرائیل تنازع جیسے بحرانوں سے دوچار ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال جنوبی کوریا کی معروف ادیبہ ہان کانگ کو ادب کا نوبیل ایوارڈ دیا گیا تھا۔

