ارجنٹینا میں پولینڈ کے شہری کو اسپائیڈر مین بننے کی کوشش مہنگی پڑ گئی

ارجنٹینا میں پولینڈ کے شہری کو اسپائیڈر مین بننے کی کوشش مہنگی پڑ گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں پولینڈ کے شہری نے بغیر رسیوں کے 30 منزلہ عمارت پر چڑھنے کی کوشش کی تاہم اسے درمیان میں ہی گرفتار کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم کی جرسی میں ملبوس مارسن بنوٹ نامی شخص کو عمارت کی 25 ویں منزل پر چڑھنے کے بعد پکڑ لیا گیا، اس موقع پر اسے دیکھنے کے لیے نیچے لوگوں کی بڑی تعداد جمع تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عمارت کے اندر سے اس شخص کی حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد 30 سے ​​زائد فائر فائٹرز، ایمبولینسز اور پولیس کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی تھیں۔

مقامی حکام کے مطابق عمارت پر چڑھنے والے شخص کو نیچے اتار کر گرفتار کر کے اسے ریسکیو آپریشن پر آنے والے اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 36 سالہ شخص نے گزشتہ ہفتے بھی اسی عمارت پر چڑھنے کی کوشش کی تھی تاہم پولیس نے اسے روک لیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں