ارشد انصاری کانامور یونین رہنما نثار عثمانی کی 31ویں برسی پر خراجِ عقیدت

لاہور(ظہیر شہزادسے)— لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے نامور اور بے باک یونین رہنما نثار عثمانی کو ان کی جمعرات کومنائی گئی 31ویں برسی کے موقع پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اپنے بیان میں ارشد انصاری نے کہا کہ نثار عثمانی صحافتی زندگی کے ہر دور میں آزادی اظہار اور کارکن صحافیوں کے حقوق کیلئے ڈٹے رہے۔ “انہوں نے اپنی پوری زندگی جابرانہ صحافتی قوانین اور جمہوری حقوق کی پامالی کے خلاف جدوجہد میں وقف کر دی”۔

ایک صحافی اور ٹریڈ یونین رہنما کی حیثیت سے نثار عثمانی نے آمر جنرل ضیاء الحق کو بے خوف ہو کر للکارا۔ “ان کے اصولوں سے غیر متزلزل عزم نے انہیں نہ صرف ملک میں بلکہ عالمی سطح پر بھی عزت و مقام عطا کیا”۔

پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل ارشد انصاری نے کہا کہ نثار عثمانی کی صحافتی برادری کیلئےخدمات اور آزادیٔ صحافت کیلئےان کی انتھک جدوجہد صحافیوں کیلئےمشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے عہد کیا کہ کارکن صحافیوں کی آزادی کیلئے یہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ ” نثار عثمانی کی میراث نوجوان صحافیوں کو آزادیٔ صحافت اور جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے ہمیشہ متحرک رکھے گی”۔

دریں اثناء پنجاب یونین آف جرنلسٹس (پی یو جے) کے زیر اہتمام آج لاہور پریس کلب میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوگا۔ اس اجلاس کی صدارت لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کرینگےجبکہ پی یو جے کے صدر نعیم حنیف اور سیکریٹری قمر زمان بھٹی میزبانی کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں