لاہور(نمائندہ خصوصی) الیکشن کمیٹی لاہور پریس کلب کے مطابق لاہور پریس کلب کے 2026 کے انتخابات میں جرنلسٹ پینل نے صدر سمیت بیشتر اہم عہدوں پر شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ ارشد انصاری 572 ووٹوں کی واضح اور ریکارڈ برتری سے مسلسل 14ویں مرتبہ صدر کے عہدے پرمنتخب ہوئے۔ ارشد انصاری کو 1283 ووٹ ملے، جب کہ گرینڈ الائنس کے امیدوار اعظم چوہدری 711 ووٹ حاصل کرسکے۔
ارشد انصاری کی کامیابی کو کلب کی تاریخ کے فیصلہ کن اور دھواں دار انتخابات میں شمار کیا جا رہا ہے۔ پولنگ کے دوران جائزے سے واضح ہوگیا تھا کہ انہیں بلا تفریق دونوں اطراف سے ووٹ مل رہے ہیں۔ ارشد انصاری نے یہ الیکشن ایک واضح کاز کے تحت لڑا جس کا محور لاہور پریس کلب کے تقریباً 2000 ممبرز کے گھروں کے خواب کی تکمیل تھا۔ فیز ٹو کے ووٹرز کے بھرپور اور جارحانہ ردعمل نے نتائج کو مزید یکطرفہ بنادیا۔
سینئر نائب صدر کے عہدے پر جرنلسٹ پینل کے سلمان قریشی 1125 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جب کہ گرینڈ الائنس کی صائمہ نواز 839 ووٹ حاصل کرسکیں۔ نائب صدر کے عہدے پر گرینڈ الائنس کی نصیرہ عتیق نے 1045 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جب کہ جرنلسٹ پینل کے مدثر حسین ٹٹلا 882 ووٹ لے سکے۔
جنرل سیکرٹری کے عہدے پر جرنلسٹ پینل کے افضل طالب 1059 ووٹ لے کر منتخب ہوئے۔ گرینڈ الائنس کے عبدالمجید ساجد کو 814 ووٹ ملے، جب کہ آزاد امیدوار اعجاز مرزا 103 ووٹ حاصل کرسکے۔ جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر سخت مقابلے کے بعد جرنلسٹ پینل کے عمران شیخ 1002 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جب کہ گرینڈ الائنس کے رانا محمد اکرام کو 959 ووٹ ملے۔ خزانچی کے عہدے پر بھی جرنلسٹ پینل کے سالک نواز نے 1035 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جب کہ حسنین چوہدری 926 ووٹ لے سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشد انصاری نے دو سال کی مسلسل اور انتھک محنت سے نہ صرف لاہور پریس کلب کو منظم اور فعال بنایا بلکہ مسکن راوی جیسے متنازع منصوبے کے متبادل لاہور پریس کلب ہاؤسنگ اسکیم فیز ٹو حاصل کرنے میں بھی کامیابی حاصل کی، جو فیز ون اور ایف بلاک کے بعد ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔ ووٹرز نے کارکردگی کے بدلے ووٹ دے کر انتخابی نتائج کو جمہوریت کی بہترین مثال بنادیا۔
دریں اثنا “جنگ نیوز کینیڈا” کے چیف ایڈیٹراشرف خان لودھی ،بیوروچیف محمدبابراورنمائندہ خصوصی محمدعمران عالم کی جانب سے پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل اور 14ویں مرتبہ صدر منتخب ہونے والے ارشد انصاری اور ان کی زیر قیادت جرنلسٹ پینل کو شاندار اور تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ “جنگ نیوز کینیڈا” کے مطابق ارشد انصاری کی مسلسل کامیابی صحافی برادری کے بھرپور اعتماد، جہد مسلسل، لگن اور صحافت و صحافیوں کی بے لوث خدمت کا مظہر ہے۔ یقین ظاہر کیا گیا ہے کہ نومنتخب قیادت کے تحت لاہور پریس کلب اس برس نئی بلندیوں کو چھوئے گا اور صحافت کے شعبے کیلئےایک روشن مثال بنے گا۔

