لاہور(سپورٹس ڈیسک+اے ایف پی)پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن (اے ایف پی) نے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر فیڈریشن کے آئین کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزام میں تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔ فیصلے کے مطابق سلمان بٹ اب کسی بھی سطح پر ایتھلیٹکس سے وابستہ سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
فیڈریشن کے مطابق یہ فیصلہ 10 اکتوبر کو صدر وجاہت حسین ساہی کی زیرِ صدارت ہونے والے ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں کیا گیا، جس میں تنظیمی شفافیت، آئینی پاسداری اور ادارے کی سالمیت برقرار رکھنے کے لیے اہم تادیبی اقدامات اٹھائے گئے۔
اجلاس میں غور و خوض کے بعد، پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سابق عہدیدار سلمان بٹ پر تاحیات پابندی عائد کی گئی۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ بٹ نے فیڈریشن کے آئین کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کی، جس کے نتیجے میں انہیں کسی بھی حیثیت — بطور کھلاڑی، کوچ، عہدیدار یا نمائندہ — ایتھلیٹکس کی سرگرمیوں میں شرکت سے مستقل طور پر روک دیا گیا۔
اسی اجلاس میں پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سابق سیکریٹری حبیب شاہ پر بھی 10 سال کے لیے پابندی عائد کی گئی، جب کہ 31 اگست 2025 کو منعقدہ پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے انتخابات کو غیر قانونی، غیر آئینی اور ابتدا سے کالعدم قرار دیا گیا۔
اے ایف پی کے مطابق ان انتخابات کا نوٹس صرف دو دن قبل جاری کیا گیا تھا، جو تنظیمی آئین کی خلاف ورزی ہے، کیونکہ انتخابی اجلاس بلانے سے کم از کم 21 دن قبل اطلاع دینا لازمی ہے۔
شفافیت بحال کرنے کیلئے فیڈریشن نے سینئر نائب صدر شاہدہ خانم کی سربراہی میں ایک مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی ہے، جو نئے شفاف انتخابات کے انعقاد تک پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے روزمرہ امور چلائے گی۔
فیڈریشن کے صدر وجاہت حسین ساہی نے ڈان نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب ایسوسی ایشن نے انہیں انتخابات کے بارے میں صرف چند گھنٹے قبل مطلع کیا تھا، جو آئینی طریقہ کار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق، سلمان بٹ 6 اگست کے بعد ایسوسی ایشن کے صدر نہیں رہے تھے اور دوبارہ انتخاب لڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ تحقیقاتی کمیٹی نے مکمل رپورٹ کے بعد تادیبی کارروائی کی سفارش کی جس پر ایگزیکٹو کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ سنایا۔ تاہم سلمان بٹ کو اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سلمان بٹ 2021 کے ٹوکیو اولمپکس کے بعد ارشد ندیم کے کوچ مقرر کیے گئے تھے۔ ان کی تربیت میں ارشد ندیم نے 2022 کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ، 2023 ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سلور اور 2024 پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔
پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے کہا ہے کہ وہ آئینی اصولوں کی مکمل پاسداری، شفاف انتخابی عمل اور کھیلوں میں نظم و ضبط کے فروغ پر قائم رہے گی۔ فیڈریشن نے واضح کیا کہ کسی بھی فرد یا گروہ کو ادارے کے آئین سے بالاتر ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

