پاکستان ٹیم کے اسٹار فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی نرم مزاجی اور دریا دلی پر بھارتی پنجابی اداکارہ و ماڈل سونم باجوہ بھی دل ہار بیٹھیں۔نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی گراؤنڈ میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے میچ میں پاکستانی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے بھارت کے خلاف شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا لیکن اس کے باوجود میچ ہار جانے پر وہ روپڑے جس پر ان کو پاکستانی فینز کی جانب سے بے انتہا پیار اور محبت ملی ہے۔
جہاں اسٹار فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی پاکستانی فینز اور فنکاروں کی جانب سے تعریف کا سلسلہ جاری تھا وہیں بھارت میں نیشنل کرش کہلائی جانے والی اور خوبصورت ترین اداکارہ سونم باجوہ نے نسیم شاہ کی ایک وائرل ویڈیوانسٹاگرام پر جاری کر کے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
سونم باجوہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں چند روز قبل وائرل ہونے والی ویڈیو شیئر کی جس میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم ایک ننھے فین کو آٹوگراف دینے سے منع کر کے لفٹ میں سوار ہوکر چلے جاتے ہیں اور ننھے فین کا دل ٹوٹ گیا جس کے سبب وہ رونے لگا۔
بابراعظم کی ننھے فین کیلئے بے رخی نسیم شاہ کو بھی محسوس ہوئی، بچے کو روتا دیکھ کر نسیم شاہ پریشان ہوگئے اور بچے کی طرف بڑھ کر آٹوگراف دیا اور ننھے فین کے ساتھ سیلفی بھی بنوائی اور روتے بچے کا موڈ ٹھیک کرنے کیلئے کہا کہ ’یہ لو بابراعظم کا بھی آٹوگراف دے رہا ہوں میں‘۔
جہاں یہ ننھے فین اور نسیم شاہ کی ویڈیو نے پوری دنیا سے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیتے وہیں پر بھارت کی خوبصورت ترین اداکارہ سونم باجوہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نظر آئیں، لکھا کہ یہ بہت دل آویز اور کیوٹ ہے۔
واضح رہے کہ سونم باجوہ سے قبل بھارتی اداکارہ و ماڈل اروشی روٹیلا بھی نسیم شاہ پر فدا تھیں اور سوشل میڈیا پر بھی اکثر انکی تعریف کرتی نظر آتی رہی ہیں۔