استنبول ایئرپورٹ سب سے زیادہ کنکٹنگ فلائیٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیا

استنبول ایئرپورٹ سب سے زیادہ منسلک پروازوں کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیا ہے، جو 309 منفرد مقامات تک نان اسٹاپ پروازیں فراہم کرتا ہے۔استنبول ایئرپورٹ کی یہ منفرد پوزیشن اس کے اسٹریٹجک مقام اور ترکیہ ایئرلائنز کے وسیع نیٹ ورک کی وجہ سے ہے، جو سب سے زیادہ ممالک میں پروازیں فراہم کرتی ہے۔ایوی ایشن اینالیٹکس فرم سیریئم کے مطابق استنبول ایئرپورٹ 309 مقامات تک نان اسٹاپ پروازیں فراہم کرتا ہے، جس میں زیادہ تر پروازیں ترکیہ ایئرلائنز کے ذریعے ہوتی ہیں۔ استنبول ایئرپورٹ اپنی اسٹریٹجک لوکیشن کی وجہ سے دنیا کے ساتویں مصروف ترین ایئرپورٹ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، جہاں سے سالانہ تقریباً 90 ملین مسافر گزرتے ہیں۔فہرست میں دوسرے نمبر پر جرمنی کا فرینکفرٹ ایئرپورٹ ہے، جو یورپ کی سب سے بڑی ایئرلائنز میں سے لفتھانسا کا ہیڈکوارٹر بھی ہے، یہاں سے 296 مقامات کی پروازیں گزرتی ہیں۔تیسرے نمبر پر پیرس چارلس ڈیگال ایئرپورٹ ہے، جو 282 مقامات تک نان اسٹاپ پروازیں فراہم کرتا ہے، چوتھے نمبر پر ایمسٹرڈیم کا اسکپول ایئرپورٹ اور پانچویں پر شکاگو اوہیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے، جو بالترتیب یورپ اور شمالی امریکا کے بہترین منسلک ایئرپورٹس ہیں، ان ایئرپورٹس سے 270 مقامات کی پروازیں گزرتی ہیں۔چھٹے نمبر پر دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے، جو 269 منفرد مقامات تک نان اسٹاپ پروازیں فراہم کرتا ہے۔ ساتویں نمبر پر ڈیلاس فورٹورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے جہاں 261 مقامات کی پروازوں کے روٹ ہیں، جبکہ آٹھویں نمبر پر شنگھائی پوڈونگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ 243 مقامات کی پروازوں کے ساتھ ہے۔فہرست میں نویں نمبر پر اٹلانٹا ہارٹسفیلڈ جیکسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ 237 مقامات کی پروازوں کے ساتھ موجود ہے۔ دسویں نمبر پر روم کا لیونارڈو دا ونچی فیومیچینو ایئرپورٹ ہے، جو 234 منفرد مقامات تک نان اسٹاپ پروازیں فراہم کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں