استنبول میں آیا صوفیہ کے قریب فلسطین کے حق میں عظیم الشان ریلی

استنبول(بیورورپورٹ)فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئےاستنبول میں آیا صوفیہ اور سلطان احمد میدان کے قریب ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ یہ احتجاجی مارچ “فلسطین انیشی ایٹیو” کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

ریلی تاریخی گرینڈ بازار سے شروع ہو کر آیا صوفیہ کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے ترکی اور فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور “آزاد فلسطین”، “ریفاح گیٹ کھولو” اور “ہر جگہ فلسطین، ہر جگہ مزاحمت” جیسے نعرے بلند کیے۔ مارچ کے دوران میہتر بینڈ کی روایتی دھنیں بھی بجائی گئیں۔

اختتامی مقام پر مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے خطاب کیا، جنہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ پروگرام کا اختتام اجتماعی دعا سے کیا گیا۔

یہ مظاہرہ غزہ پر جاری اسرائیلی محاصرے اور فوجی کارروائی کے 400ویں دن کے موقع پر منعقد کیا گیا، جس کا مقصد دنیا کو یاد دلانا تھا کہ فلسطین کی آزادی کیلئےآواز بلند کرنا ہر انسان کی ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں