اسحاق ڈار کی فلسطینی اور بحرینی وزرائے خارجہ سے ملاقات، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

جدہ (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر فلسطین کی وزیر خارجہ ڈاکٹر ورسن آغابیکیان شاہین سے ملاقات کی۔

اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کی۔ ملاقات میں غزہ کی انسانی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور فوری تعمیرِ نو کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

علاوہ ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مملکت بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔اسحاق ڈار نے کشیدگی میں کمی، امن اور استحکام کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔