اسرائیلی جارحیت کو فوری روکا جائے، امت مسلمہ کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا:وزیراعظم

دوحہ (نمائندہ خصوصی) – وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے، اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے اور امت مسلمہ کو اس کے مقابلے میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر دوحہ پہنچے جہاں قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاع شیخ سعود بن عبد الرحمٰن بن حسن الثانی نے ان کا استقبال کیا۔ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات میں 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت فوری طور پر بند ہونی چاہیے اور امت مسلمہ کو متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے غزہ میں قیام امن کے لیے قطر کے تعمیری ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی اشتعال انگیز کارروائیاں علاقائی استحکام اور سفارتی کوششوں کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔

وزیراعظم نے مزید بتایا کہ قطر کی درخواست پر پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز دی ہے اور قطر کے غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، پاکستان نے او آئی سی کے شریک میزبان بننے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔

امیر قطر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت، علاقائی امن و استحکام کے فروغ اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا۔

خیال رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیل نے قطر میں فضائی حملہ کیا تھا جس میں اس نے حماس کے سینئر رہنماؤں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ حملے میں حماس رہنما خلیل الحیہ محفوظ رہے تاہم ان کے بیٹے اور معاون سمیت 6 افراد شہید ہو گئے تھے۔ یہ حملہ اس وقت ہوا جب حماس کے مذاکرات کار امریکا کی جنگ بندی تجویز پر غور کر رہے تھے۔

پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، اردن، اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے بھی قطر پر اسرائیل کے بلااشتعال حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں