اسرائیل نے 22 ہزار امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہونے سے روک دیئے

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں قائم حکومتی میڈیا آفس نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے 22 ہزار سے زائد انسان دوست امدادی ٹرکوں کو غزہ کی پٹی میں داخل ہونے سے روک رکھا ہے۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق میڈیا آفس نے اپنے بیان میں کہا کہ امدادی گاڑیوں میں اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی اداروں کی خوراک و دیگر ضروری اشیا موجود ہیں، مگر اسرائیلی قابض فورسز انہیں دانستہ طور پر سرحدی راستوں پر روکے ہوئے ہیں۔ بیان میں اس اقدام کو بھوک، محاصرے اور افراتفری پر مبنی منظم مہم قرار دیتے ہوئے ’’جنگی جرم‘‘ اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کہا گیا۔ غزہ میڈیا آفس نے اسرائیل اور اُن ریاستوں کو، جو خاموشی یا شراکت داری کے ذریعے ملوث ہیں، اس بگڑتی انسانی صورتِ حال کا مکمل ذمّے دار ٹھہرایا ہے۔ دفتر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام رکے ہوئے امدادی ٹرکوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر غزہ میں داخلے کی اجازت دی جائے اور سرحدی گذرگاہیں مکمل طور پر کھولی جائیں تاکہ عام شہریوں تک محفوظ امداد پہنچ سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں