اسرائیل کےلبنان میں تازہ حملوں میں ایک ہی خاندان کے 17 افراد شہید

دہشت گرد ریاست اسرائیل نے غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی بے گناہوں کا خون بہانا شروع کردیا ہے، تازہ حملوں میں ایک ہی خاندان کے 17 افراد شہید ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے لبنان میں حملوں کا دائرہ بھی بڑھا دیا، جنوبی مضافاتی علاقے کولا میں اسلحے کے ڈپو کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیل کی شمالی وادی بیکا کے شہر زبود میں تازہ کارروائی کے دوران ایک ہی خاندان کے سترہ افراد شہید ہو گئے، چوبیس گھنٹے کے دوران اسرائیلی حملوں میں 105 لبنانی شہری شہید ہو ئے۔104 بچوں اور 194 خواتین سمیت شہداء کی مجموعی تعداد 1600 ہوگئی، 8408 زخمی ہیں، جبکہ 20 لاکھ لبنانی شہری بے گھر ہوچکے ہیں۔

حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل پر جوابی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث اسرائیل میں سائرن بجتے رہے، حزب اللہ نے اسرائیل پر راکٹ برسائے جس کے نتیجے میں شمالی اسرائیلی اور مغربی کنارے کے مقبوضہ علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

عراق سے بھی اسرائیل پر ڈرون حملہ کیا گیا، شام میں بھی امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیا گیا، زور دار دھماکہ سنا گیا لیکن کسی گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

دوسری جانب اسرائیل نے گزشتہ روز حوثی اہداف پر یمن میں حملے کیے، اسرائیلی جنگی طیاروں نے یمنی حوثیوں کے زیر قبضہ حدیدہ میں پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد شہید ہوئے۔روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق یہ حملے یمن میں موجود حوثی باغیوں کی جانب سے اسرائیل پر کیے جانے والے میزائل حملوں کے جواب میں کیے گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر اسرائیل کی جانب سے حدیدہ پر 10 فضائی حملے کیے گئے جن میں حدیدہ کی بندرگاہ، ائیرپورٹ، آئل اسٹوریج اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ یمن میں فضائی حملوں کے بعد علاقے میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے۔ حوثیوں کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ حملوں میں 4 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں