لاہور (طاہرمحمودسے)اسکاؤٹنگ دراصل محبت، احترام اور ہم آہنگی کا ایک عالمی پلیٹ فارم ہے جہاں دنیا بھر کے اسکاؤٹس ایک خاندان کی طرح خوشی کے لمحات محبت، عزت اور بھائی چارے کے ساتھ مناتے ہیں۔ اسی روایت کے تحت پاکستان ریلوے بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن (اکاؤنٹس ڈسٹرکٹ) کے اسسٹنٹ اسکاؤٹس کمشنر مسٹر عدیل مسلم کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک پُروقار الوداعی تقریب صوبائی ہیڈکوارٹر، پاکستان ریلوے بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن، گڑھی شاہو لاہور میں منعقد کی گئی۔

تقریب میں مسٹر عدیل مسلم کے ساتھیوں اور رفقائے کار نے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں انتہائی ایمانداری سے انجام دیں اور ہمیشہ ایک شفیق اور مددگار شخصیت کے طور پر جانے گئے۔ اُن کے دورِ خدمات میں اسکاؤٹنگ کے فروغ اور نیک نامی کیلئے نمایاں کردار ادا کیا گیا۔
تقریب کے آخر میں ساتھیوں کی جانب سے تحائف اور شیلڈز بھی پیش کی گئیں جو محبت اور قدردانی کی علامت تھیں۔

