اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ایمان مزاری ایڈووکیٹ اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ایمان مزاری کو سرینہ چوک انڈر پاس کے قریب گاڑی رکوا کر حراست میں لیا گیا، دونوں اسلام آباد ہائی کورٹ بار سے ڈسٹرکٹ کورٹ جا رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق دونوں وکلاء اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی وین میں سوار تھے، وین میں صدر ہائی کورٹ بار واجد گیلانی اور منظور ججہ بھی موجود تھے جبکہ پولیس اسکواڈ بھی وین کے پیچھے تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو ہائیکورٹ کے باہر جھگڑا کیس میں گرفتار کیا گیا، اس مقدمے میں گزشتہ روز عدالت نے عدم پیشی پر دونوں کی ضمانت کی درخواستیں خارج کی تھیں۔ مذکورہ مقدمہ صدر ہائیکورٹ بار واجد گیلانی کی مدعیت میں درج ہے۔
دوسری جانب متنازع ٹوئٹ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے تحریری فیصلے کے مطابق ٹرائل کورٹ کا آرڈر کالعدم قرار دیا گیا ہے اور اس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دونوں کو گواہوں پر جرح کے لیے چار دن کا وقت دیا جاتا ہے، مقررہ مدت میں پیش نہ ہونے کی صورت میں یہ حکم ختم تصور ہوگا۔

