اسلام آباد:بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ فیملی کو دے دی گئی

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی میڈیکل رپورٹ ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کر دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے مطابق پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے میڈیکل رپورٹ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ارسال کی تھی، جسے بعد ازاں وزیراعظم کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کی فیملی کو فراہم کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی فیملی نے پمز اسپتال کی میڈیکل رپورٹ اڈیالہ جیل حکام کے ذریعے وصول کر لی ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو دائیں آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت تھی، جس پر اڈیالہ جیل میں ان کی آنکھ کا مکمل معائنہ کیا گیا اور ماہر امراضِ چشم نے تفصیلی طبی جانچ کی۔

میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد ماہرین نے اسپتال میں فالو اَپ علاج کی سفارش کی۔ رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی رضا مندی سے علاج کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق تجویز کردہ طریقہ علاج کامیاب رہا، بانی پی ٹی آئی کا آپریشن تھیٹر میں علاج تقریباً 20 منٹ میں مکمل کیا گیا، علاج کے بعد ان کی حالت مستحکم رہی اور معمول کی ہدایات کے ساتھ انہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔