اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)امن، استحکام اور خوشحالی کی امیدوں کے ساتھ دنیا کے کئی ممالک میں نئے سال کا آغاز ہو گیا۔ مختلف شہروں میں آتش بازی، لائٹ شوز اور روایتی تقریبات کے ذریعے سال نو کا استقبال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دبئی میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر کاؤنٹ ڈاؤن کے بعد شاندار اور تاریخی آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ 2026 کے آغاز پر میوزیکل شو بھی پیش کیا گیا۔ نیوزی لینڈ میں بارہ بجتے ہی آکلینڈ اسکائی ٹاور پر آتش بازی سے آسمان روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں اوپرا ہاؤس پر شاندار آتش بازی کی گئی، تاہم سال نو کے استقبال سے قبل سڈنی ہاربر پر بونڈائی حملے کے متاثرین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ جنوبی کوریا میں روایتی کانسی کا گھنٹا بجا کر نئے سال کا خیرمقدم کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چین میں ڈرم بجا کر سال نو کا استقبال کیا گیا جبکہ تائیوان میں تائی پے ٹاور پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ ہوا۔ ہانگ کانگ میں لائٹ شو کے ذریعے عمارتوں کو روشن کیا گیا اور تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں رنگا رنگ آتش بازی سے نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا۔

