اسلام آباد:لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر امارات کیلئے سفیر نامزد،سید فیصل نیاز ترمذی بلجیم اور یورپی یونین (EU) کے سفیر تعینات

اسلام آباد: لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عامر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لئے پاکستان کا نیا سفیر نامزد کر دیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ کور کے سابق کمانڈر نے گیارہ ماہ قبل آرمی میں ملازمت کی مدت مکمل کی۔ وہ سید فیصل نیاز ترمذی کی جگہ لے رہے ہیں جن کا تبادلہ کرکے بلجیم اور یورپی یونین (EU) کے سفیر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ مراد اشرف جنجوعہ نے برازیل کے سفیر کا عہدہ سنبھال لیا ہے، فیصل عزیز نیوزی لینڈ میں ہائی کمشنر بن گئے، سلجوق تارڑ انڈونیشیا میں پاکستانی سفیر ہوں گے، عامر شوکت مصر میں نئے سفیر ہوں گے، ساجد اقبال اور امیر خرم راٹھور بالترتیب مصر اور انڈونیشیا کے سفیر کی حیثیت سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔ حکومت نے جنرل عامر کی تقرری کے لئے متحدہ عرب امارات کی حکومت سے رضامندی مانگی ہے اور اسی طرح فیصل ترمذی کے لئے بھی برسلز سے رضامندی مانگی گئی ہے۔ اعلیٰ سطح کے سفارتی ذرائع نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو پیشہ ورانہ طور پر پبلک ڈیلنگ کا وسیع تجربہ ہے کیونکہ وہ صدر آصف علی زرداری کے پہلے دور میں ایوان صدر کے ملٹری سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور سفارتی خوبیوں سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے پاکستان آرمی کی آرٹلری رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ مختلف اہم عہدوں اسٹاف، انسٹرکشنل اور کمانڈ اسائنمنٹس پر خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف سیکرٹریٹ میں ڈائریکٹر جنرل اسٹاف ڈیوٹیز کے طور پر بھی کام کرچکے ہیں ، جس سے انہیں پیشہ ورانہ امور سے نمٹنے کا کافی تجربہ حاصل ہے۔ ایک بریگیڈیئر کے طور پر، وہ2011 سے 2013 تک صدر آصف زرداری کے ملٹری سیکرٹری رہے۔ بطور میجر جنرل، محمد عامر نے 2017 سے 2018تک لاہور میں 10 انفنٹری ڈویژن کی کمانڈ کی۔ 11 ستمبر 2019 کو انہیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ انہیں ستمبر 2019 میں جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ انہیں اکتوبر 2021 میں گوجرانوالہ میں کور کمانڈرکے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس وقت کے لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کی جگہ لی تھی جنہیں جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل (کیو ایم جی) کے طور پر تبدیل کر دیا گیا اور بعد ازاں انہیں ترقی دے کر جنرل کے عہدے پر فائز کیا گیا اور چیف آف دی آرمی اسٹاف (COAS) بنادیا گیا ۔

اپنا تبصرہ لکھیں