اسلام آباد (اسپیکر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ)اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر کر دیا گیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے بعد محمود خان اچکزئی باضابطہ طور پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بن گئے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے بزنس رولز کے تحت اپوزیشن لیڈر کی تقرری 16 جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔اپوزیشن لیڈر کا عہدہ 9 مئی کیس میں عمر ایوب خان کی نااہلی کے بعد خالی ہوا تھا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپوزیشن لیڈر نامزد کیا تھا۔
ادھر قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا تو طارق فضل چودھری نے دو روز کے وقفے اور کم حاضری کا حوالہ دیتے ہوئے وقفہ سوالات موخر کرنے کی تجویز دی، تاہم اسپیکر نے کہا کہ آج وقفہ سوالات نہیں ہوگا اور اسے موخر نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران بیرسٹر گوہر نے مختلف معاملات پر بات کی جس پر اسپیکر نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
قومی اسمبلی میں پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل آرڈیننس، ریلوے کی منتقلی ترمیمی آرڈیننس، قومی ٹیرف کمیشن ترمیمی بل، برآمدی ترقی فنڈ ترمیمی بل، ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان ترمیمی بل 2026، پاکستان ٹیلی مواصلات تنظیم نو ترمیمی بل، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل، متبادل تنازعہ جاتی تصفیہ ترمیمی بل اور علاقہ دارالحکومت اسلام آباد ملکیت و انتظام بل پیش کیے گئے۔ یہ تمام بلز وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش کیے۔
علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی نے اثاثہ جات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع نہ کرانے پر 32 ارکان کو ایوان میں داخلے سے روک دیا اور ہدایت کی کہ ایسے ارکان کو حاضری لگانے کی اجازت نہ دی جائے۔

