اسلام آباد: سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے بیرسٹر ڈاکٹر عثمان علی کی ملاقات

اسلام آباد(نامہ نگار)سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ نے بیرسٹر ڈاکٹر عثمان علی کو کافی پر مدعو کیا جہاں طے شدہ ایک گھنٹے کی ملاقات دلچسپ اور بامقصد گفتگو کے باعث دو گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات میں آئینی امور، عدالتی تجربات اور قومی اہمیت کے مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گفتگو میں جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ کی سادگی، دانائی اور آئینی بصیرت نمایاں رہی جبکہ بیرسٹر ڈاکٹر عثمان علی نے اس ملاقات کو سیکھنے اور غوروفکر کا ایک قیمتی موقع قرار دیا۔ دونوں شخصیات کئی اہم امور پر ہم خیال دکھائی دیں اور آئندہ بھی اس نوعیت کے مکالمے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں معروف اسکالر پروفیسر ڈاکٹر محمد مشتاق احمد بھی شریک تھے جن کی علمی آرا اور بصیرت نے نشست کو مزید بامعنی بنا دیا۔ بیرسٹر ڈاکٹر عثمان علی نے دعوت اور مفید تبادلہ خیال پر جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ سے اظہار تشکر کیا اور اس ملاقات کو یادگار قرار دیا۔