اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.2 ریکارڈ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.2 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 20 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز افغانستان میں تھا۔ حکام نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی، پشاور، ہری پور، ایبٹ آباد، چارسدہ، اٹک، ملاکنڈ، سوات، ہنگو، مانسہرہ اور ہزارہ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بھی محسوس کیے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 5.9 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ اس زلزلے کی گہرائی 111 کلومیٹر جبکہ مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔

اس سے پہلے 2 ستمبر کو بھی اسلام آباد، پشاور، پنجاب کے بعض شہروں، اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول سوات، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔مسلسل زلزلوں کے باعث عوام میں تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ اداروں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں