اسلام آباد میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کیلئےخصوصی یونٹ قائم کرنے کا اعلان

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کیلئےایک خصوصی حفاظتی یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے یہ بات بیجنگ میں چین کے پبلک سیکیورٹی کے وزیر وانگ ژیاؤ ہونگ سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات چین کی وزارتِ عوامی سیکیورٹی کے ہیڈکوارٹر میں ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف تعاون، مشترکہ فوری ردعمل کے نظام اور پولیس و سیکیورٹی اہلکاروں کی تربیت بڑھانے پر اتفاق کیا۔

محسن نقوی نے چینی وزیر کو پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں اور باہمی دلچسپی کے منصوبوں کی سیکیورٹی پاکستان کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے لیے اسلام آباد میں خصوصی یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔

چینی وزیر وانگ ژیاؤ ہونگ نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کی تعریف کی اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں سائبر کرائم کی روک تھام، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ ہر تین ماہ بعد ورکنگ گروپ اور سال میں ایک بار وزارتی سطح کی ملاقات طے پائی۔واضح رہے کہ ماضی میں پاکستان میں چینی شہری دہشت گرد حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، جس کے بعد حکومت نے ان کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے اقدامات کیے ہیں۔