مسقط(سپورٹس ڈیسک)اسنوکر ٹیم ورلڈ کپ 2025 میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ مسقط میں کھیلے گئے آئی بی ایس ایف ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان بیسٹ آف فائیو فریمز کا مقابلہ 2-3 سے پاکستان کے نام رہا۔ قومی کیوئسٹ اسجد اقبال اور محمد آصف پر مشتمل ٹیم نے ہانگ کانگ کے چاؤ ہون مین اور نیسن وان کو مات دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ محمد آصف اور اسجد اقبال نے عمدہ مہارت سے ورلڈ کپ جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسنوکر ٹیم نے سیمی فائنل میں بھارت کو 1-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جہاں محمد آصف اور اسجد اقبال نے بھارتی کیوئسٹ پنکج ایڈوانی اور برجیش دامانی کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔

