اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس ایک لاکھ 54 ہزار کی نئی بلندی پر

کراچی (نمائندہ خصوصی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں سرمایہ کاروں کے اعتماد اور امیدوں کے باعث زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، کے ایس ای-100 انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 54 ہزار پوائنٹس کی نئی بلندی پر جا پہنچا۔

پی ایس ایکس کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1,615 پوائنٹس (1.06 فیصد) اضافے کے ساتھ 154,280 پوائنٹس پر بند ہوا، جو گزشتہ روز 152,665 پر رُکا تھا۔ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کا اعتماد میکرو اکنامک حالات میں بہتری اور روپے کی قدر مستحکم ہونے کی وجہ سے بڑھا ہے۔

اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے کہا کہ روپے کی مضبوطی اور محدود منافع دینے والے دیگر شعبوں (رئیل اسٹیٹ، فکسڈ انکم اور کرنسی مارکیٹ) کے مقابلے میں اسٹاک مارکیٹ زیادہ پرکشش آپشن بن چکی ہے۔

چیس سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر یوسف ایم فاروق نے کہا کہ موجودہ صورتحال ایکویٹی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے پرامید دور کی عکاسی کر رہی ہے اور منتخب شعبوں میں جوش و خروش کے آثار نمایاں ہیں۔

یوسف فاروق نے خبردار کیا کہ مارکیٹ نے حالیہ سیلاب کے ممکنہ منفی اثرات کو نظر انداز کر دیا ہے، جو معاشی اور سماجی خطرات کے کم تخمینے کا عندیہ دیتا ہے۔ ان کے مطابق ایکویٹی سرمایہ کاری طویل مدتی دولت کی تخلیق کا ذریعہ ضرور ہے، لیکن اس کیلئے نظم و ضبط، صبر اور بنیادی خطرات کی درست تشخیص لازمی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی یہ غیر معمولی تیزی معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے امید افزا سمجھی جا رہی ہے، تاہم ماہرین سیلاب کے اثرات کو نظر انداز نہ کرنے کی تنبیہ کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں