اسٹیلینٹس : جیپ کمپاس کی پیداوارامریکا منتقل، ڈگ فورڈ کا ٹرمپ پر سخت ردعمل

اونٹاریو (نمائندہ خصوصی) پریمئر ڈگ فورڈ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی امریکا کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کر پاتے تو کینیڈا کو بھی جوابی محصولات عائد کرنے چاہییں۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب آٹو کمپنی اسٹیلینٹس نے اعلان کیا کہ وہ جیپ کمپاس کی پیداوار کینیڈا سے منتقل کر کے امریکا میں کرے گی۔

ڈگ فورڈ نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے باعث کمپنی نے اپنی پیداوار اونٹاریو کے شہر برامپٹن سے امریکی ریاست الینوائے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ امریکا میں پیداواری صلاحیت بڑھانے کے 13 ارب ڈالر کے منصوبے کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ آدمی، صدر ٹرمپ، واقعی ایک الگ ہی کردار ہے۔ اب بس بہت ہو گیا، ہمیں واپس لڑنا ہوگا۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کینیڈا اور امریکا کے درمیان محصولات کم کرنے پر مذاکرات جاری ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں امریکی آٹو کمپنیوں پر زور دیا تھا کہ وہ اپنی پیداوار واپس امریکا منتقل کریں۔

وفاقی وزیر برائے کینیڈا-امریکا تجارت ڈومینک لیبلان اس وقت واشنگٹن میں مذاکرات کر رہے ہیں جبکہ وزیراعظم مارک کارنی گزشتہ ہفتے بغیر کسی معاہدے کے امریکا سے واپس لوٹے تھے۔

وزیراعظم کارنی نے کہا کہ دنیا کی چوتھی بڑی کار ساز کمپنی کا یہ فیصلہ دراصل امریکی محصولات کا براہِ راست نتیجہ ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت برامپٹن کے مزدوروں کیلئےنئے مواقع پیدا کرنے کیلئےاسٹیلینٹس کے ساتھ کام کرے گی اور خبردار کیا کہ اگر کمپنی اپنے وعدوں پر قائم نہ رہی تو حکومت قانونی کارروائی کریگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں