اسکردو (نامہ نگار)مشہور ڈرامہ سیریل ہمسفر کے ٹائٹل گانے ’وہ ہمسفر تھا‘ سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ قرۃ العین بلوچ دیوسائی نیشنل پارک میں نایاب بھورے ریچھ کے حملے میں زخمی ہوگئیں۔
گلگت بلتستان پولیس کے مطابق قرۃ العین بلوچ اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ دیوسائی کے کیمپنگ ایریا میں موجود تھیں جب ریچھ نے اچانک حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ان کے دونوں بازو زخمی ہوئے۔ ان کی چیخ و پکار پر قریب موجود افراد موقع پر پہنچے اور ریچھ کو بھگا دیا، جس سے ان کی جان بچ گئی۔
زخمی ہونے کے بعد گلوکارہ کو فوری طور پر آر ایچ کیو ہسپتال اسکردو منتقل کیا گیا، جہاں ہسپتال ذرائع کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
بلتستان پولیس کے ترجمان غلام محمد نے بتایا کہ بھورے ریچھ اکثر بڑا پانی کے مقام پر نقل و حرکت کرتے ہیں اور اس علاقے میں پہلے بھی کئی افراد ان کے حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔
صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد دیوسائی نیشنل پارک میں رات کے وقت کیمپنگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے تاکہ سیاحوں کی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
دیوسائی، اسکردو اور استور کے درمیان واقع بلند و بالا چراگاہ ہے جو اپنی قدرتی خوبصورتی، جنگلی حیات اور نایاب بھورے ریچھ کے مسکن کی حیثیت سے مشہور ہے۔ یہاں تقریباً 77 بھورے ریچھ پائے جاتے ہیں جو بڑی ندیوں میں مچھلی پکڑ کر خوراک حاصل کرتے ہیں۔

