افغانستان سے فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، 25 دہشت گرد ہلاک، 5 جوان شہید

اسلام آباد/پشاور(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) – پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے ملک میں فتنۃ الخوارج کی ایک بار پھر دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادیا، جس دوران 4 خودکش بمبار سمیت کل 25 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 24 اور 25 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے گھکی اور شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں دہشت گرد گروہ پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، جس پر سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دونوں گروہوں کو ناکام بنایا۔

شمالی وزیرستان کے اسپین وام میں 15 دہشت گرد ہلاک، جن میں 4 خودکش بمبار شامل
کرم کے گھکی علاقے میں 10 دہشت گرد ہلاک
مارے گئے دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد

اس کارروائی میں پاک فوج کے 5 بہادر جوان جامِ شہادت نوش کر گئے، جن میں حوالدار منظور حسین (35 سال)، سپاہی نعمان الیاس کیانی (23 سال)، سپاہی محمد عادل (24 سال)، سپاہی شاہ جہان (25 سال) اور سپاہی علی اصغر (25 سال) شامل ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم اور ثابت قدم ہیں، اور شہداء کی قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی کی مہم ملک سے غیرملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور شہداء کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ فتنۃ الخوارج اور ان کے بھارتی سرپرست کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، اور دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کی جرات اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 25 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، جس سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوا۔

یہ کارروائیاں ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب پاکستان اور افغانستان کے وفود ترکی کے شہر استنبول میں مذاکرات کے دوسرے دور میں مصروف ہیں، تاکہ عبوری افغان حکومت کے دہشت گردی کے مسئلے کے حل پر پیش رفت ہو سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں