افغانستان میں خوفناک زلزلہ، 800 افراد جاں بحق، 2800 زخمی

کابل (نیوز ایجنسیاں) —افغانستان میں گزشتہ رات آنے والے ہولناک زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، جس کے نتیجے میں اب تک 800 افراد جاں بحق اور 2800 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

ترجمان افغان حکومت کے مطابق صوبہ کنڑ میں زلزلے سے تین گاؤں مکمل طور پر صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔ صرف کنڑ صوبے میں 610 افراد جاں بحق اور 1300 زخمی ہوئے ہیں۔

افغان وزارت داخلہ نے بتایا کہ صوبہ ننگرہار میں زلزلے کے باعث 12 افراد ہلاک اور 255 زخمی ہوئے، جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔افغان خبر رساں ادارے خاما پریس کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 47 منٹ پر آیا۔

امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی، جس کی گہرائی 8 کلومیٹر تھی، جبکہ مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد سے 27 کلومیٹر مشرق میں واقع تھا۔

ترجمان افغان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی حکام اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کی امداد میں مصروف ہیں، جبکہ مرکز اور قریبی صوبوں سے امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں جو ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔

زلزلے کے باعث ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں