کابل (بین الاقوامی خبر رساں ادارے) – افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے ملک کی کاروباری برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مشرقی صوبوں میں آنے والے ہولناک زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کریں۔ زلزلے کے نتیجے میں اب تک کم از کم 800 افراد جاں بحق اور 2500 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد سے 27 کلومیٹر دور اور گہرائی صرف 8 کلومیٹر تھی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کم گہرائی والے زلزلے زیادہ تباہ کن ہوتے ہیں۔رات بھر میں کم از کم پانچ آفٹر شاکس آئے، جن میں ایک 5.2 شدت کا طاقتور جھٹکا شامل تھا۔
اے سی بی نے اپنے بیان میں کہا”ہم تمام قومی تاجروں اور کاروباری ہم وطنوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کی مدد کریں۔”مزید کہا گیا کہ”بورڈ کی قیادت، کھلاڑی اور عملہ متاثرین کے غم میں شریک ہیں۔ یہ ایک بڑی آفت ہے جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور سینکڑوں لوگ متاثر ہوئے۔”
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سب سے زیادہ جانی نقصان صوبہ کنڑ میں ہوا، جہاں 800 سے زائد افراد جاں بحق اور 2500 زخمی ہوئے۔صوبہ ننگرہار میں 12 ہلاکتیں اور 255 زخمی رپورٹ ہوئے۔جھٹکے کابل سے لے کر اسلام آباد تک محسوس کیے گئے جبکہ کنڑ میں سینکڑوں مکانات تباہ ہو گئے۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں یو اے ای اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی ٹی20 سیریز کے میچ سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔اماراتی بورڈ نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا”ہم افغان بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور متاثرہ خاندانوں کیلئے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔”

