اقلیتوں کی حفاظت صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز

لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اقلیتوں کی حفاظت صوبائی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اگر کوئی شخص اقلیتوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے یا انہیں نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا تو ریاست پوری قوت کے ساتھ اس کا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے یہ بات لاہور میں کرسمس کی تقریب سے خطاب میں کہی، جہاں انہوں نے مینارٹی کارڈ بھی تقسیم کیے۔

مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو حکومت اقلیتوں کا تحفظ نہیں کرسکتی، اسے گھر چلے جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اقلیتوں کی حفاظت اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، اور اگر کسی کمیونٹی کو غیر محفوظ محسوس ہوتا ہے تو حکومت کو یہ سوچنا ہوگا کہ کہاں غلطی ہوئی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ”اقلیت دوست پنجاب ہمارا خواب ہے“ اور پنجاب میں کسی منصوبے میں لوگوں سے مذہب کے بارے میں نہیں پوچھا جاتا، جبکہ ہاؤسنگ اسکیم میں 125,000 سے زائد گھر دیے گئے جن میں بڑی تعداد اقلیتوں کی ہے۔ انہوں نے بھارتی ریاست بہار میں مسلمان خاتون ڈاکٹر کے نقاب کھینچے جانے کے واقعے کی بھی مذمت کی۔ اس تقریب کے دوران مریم نواز نے مسیحی رہنماؤں کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور کرسمس گرانٹ کے چیک تقسیم کیے۔