نیویارک / اسلام آباد(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)پاکستان نے شام پر اسرائیلی حملوں کو غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے شام کی خودمختاری کا دفاع کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیل کو جوابدہ بنانے کا مطالبہ کیا۔
پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام کی صورتحال پر بریفنگ کے دوران شام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اسرائیلی حملوں کو شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی قانون کے منافی اور اشتعال انگیز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شام ایک نازک مگر اہم مرحلے سے گزر رہا ہے اور عالمی برادری کو اس کی بحالی کے لیے موقع فراہم کرنا چاہیے، نہ کہ ریاستی اداروں پر غیر قانونی حملوں کے ذریعے صورتحال کو مزید ابتر بنایا جائے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیل کو عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ نہ ٹھہرانے سے اس کی جارحیت میں اضافہ ہوا ہے، جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی ساکھ کو کمزور کر رہا ہے۔
پاکستانی مندوب نے شام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات نہ صرف خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں بلکہ خود اسرائیل کے مفادات کیلئےبھی نقصان دہ ہیں۔
پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اسرائیل کی ان خلاف ورزیوں کا سختی سے نوٹس لے اور شام کی خودمختاری، سلامتی اور بین الاقوامی قوانین کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

