امارات کے صرف کنفرم بکنگ والے مسافر ایئرپورٹ آئیں:ترجمان

کراچی (نمائندہ خصوصی) ترجمان ایمریٹس نے پروازوں سے متعلق خصوصی وضاحت جاری کرتے ہوئے مسافروں سے کہا ہے کہ صرف کنفرم بکنگ رکھنے والے مسافر ہی ایئرپورٹ آئیں۔ترجمان کے مطابق ایمریٹس اگلے اعلان تک محدود پروازوں کے شیڈول کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 5 اور 6 مارچ کو دبئی سے 100 سے زائد پروازوں کی آمد و رفت ہوگی جن کے ذریعے سفر کے منتظر مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچایا جائے گا۔ترجمان کے مطابق ضروری کارگو بھی منتقل کیا جائے گا جن میں جلد خراب ہونے والی اشیاء اور ادویات شامل ہیں۔

ایمریٹس کا کہنا ہے کہ فضائی کمپنی بتدریج اپنے پروازوں کے شیڈول کو بحال کرتی رہے گی تاہم یہ عمل فضائی حدود کی دستیابی اور تمام آپریشنل تقاضوں کی تکمیل سے مشروط ہوگا۔ترجمان کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور اسی کے مطابق پروازوں کے انتظامات میں تبدیلی لائی جاتی رہے گی، مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ صرف اسی صورت میں ایئرپورٹ جائیں جب ان کی کنفرم بکنگ ہو۔