امریکا اور برطانیہ کے درمیان ٹیکنالوجی شراکت داری معاہدہ طے پاگیا

چیکرز (انٹرنیشنل ڈیسک+ بی بی سی)امریکا اور برطانیہ کے درمیان ٹیکنالوجی شراکت داری کا تاریخی معاہدہ طے پاگیا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے معاہدے پر دستخط کر دیے۔

ذرائع کے مطابق یہ معاہدہ امریکی صدر کے دورہ برطانیہ کے دوران چیکرز میں طے پایا۔ بی بی سی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ٹیکنالوجی، فنانس، دفاع اور توانائی سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاہدہ نجی شعبے میں نئے معاہدوں کی لہر پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی کمپنی ایکس انرجی اور برطانوی کمپنی سینٹرکا ملک بھر میں ایٹمی ری ایکٹرز لگانے کا منصوبہ شروع کر رہی ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ منصوبہ برسوں سے زیرِ غور تھا لیکن اب عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ برطانیہ اس سال کے آغاز میں امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنے والا پہلا ملک تھا اور دونوں ممالک کے تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال امریکا میں 17 کھرب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوئی اور ٹیرف سے کھربوں ڈالر کا فائدہ ہوا۔

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ امریکا برطانیہ کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں معیشتیں 25 لاکھ سے زیادہ ملازمتوں کو سپورٹ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا معاہدہ برطانیہ کی تاریخ کا سب سے بڑا معاہدہ ہے، جو ہزاروں محنت کشوں کیلئے خوشحالی لائے گا اور اٹلانٹک کے دونوں اطراف اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کو فروغ دے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں