ورجینیا(ایجنسیاں)امریکی ریاست ورجینیا میں وفاقی اور مقامی حکام نے ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر بھارتی نژاد میاں بیوی سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار شدگان پر ہوٹل میں غیر اخلاقی سرگرمیوں اور منشیات کی اسمگلنگ کے سنگین الزامات ہیں۔
پولیس کے مطابق 52 سالہ کوشا شرما عرف ’ماما کے‘ اور 55 سالہ ترن شرما عرف ’پاپ‘ اپنے زیرِ انتظام ہوٹل کی ایک منزل کو غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے استعمال کر رہے تھے۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق کوشا شرما ہوٹل میں ہونے والی سرگرمیوں کا انتظام سنبھالتی تھیں اور دونوں میاں بیوی کمائی میں حصہ لیتے تھے۔
ورجینیا پولیس نے تین دیگر افراد 51 سالہ مارگو پیئرس، 40 سالہ جوشوا ریڈک اور 33 سالہ رشارد اسمتھ کو بھی گرفتار کیا۔ تحقیقات میں مئی 2023 سے اگست 2025 کے دوران کم از کم 9 بار ہوٹل پر چھاپے مارے گئے، جن میں 8 خواتین کو غیر اخلاقی کام کرنے پر مجبور کرنے اور ان پر تشدد کے الزامات سامنے آئے۔
پولیس نے 15 مرتبہ منشیات کی خفیہ خریداری کی، جن میں فینٹینائل اور کوکین شامل تھے۔ تمام ملزمان پر منشیات بیچنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ امریکی قوانین کے مطابق جرم ثابت ہونے پر ملزمان کو کم از کم 10 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
مزید برآں، ایف بی آئی کی رپورٹ کے مطابق یہ چھاپہ اس ہفتے ہوا اور ہوٹل میں غیر قانونی سرگرمیوں کے سلسلے میں میاں بیوی اور تین دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی وفاقی اور مقامی حکام کی مشترکہ کوشش تھی۔

