امریکا میں شدید برفانی طوفان، 14 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ

واشنگٹن(ایجنسیاں)امریکا کی متعدد ریاستیں شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں آگئی ہیں، ٹیکساس، اوکلاہاما سمیت کئی علاقوں میں بھاری برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔ برفانی طوفان کے باعث امریکا بھر میں 14 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

متاثرہ ریاستوں میں 8 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں جبکہ 40 ریاستوں کے تقریباً 24 کروڑ سے زائد افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر 24 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، واشنگٹن اور نیویارک میں بھی شدید برف باری ہوئی ہے اور شدید سردی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

برفانی طوفان کے باعث واشنگٹن میں پیر کے روز وفاقی دفاتر بند رہیں گے جبکہ نیویارک سٹی کے اسکولوں میں آن لائن کلاسز ہوں گی۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ امریکی محکمۂ موسمیات کے مطابق برفانی طوفان کے اثرات اگلے ہفتے تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔