میامی (فاکس نیوز، ایئر لائیو) امریکی ایئر لائنز کی بالٹی مور سے میامی جانے والی پرواز 1779 میں خاتون مسافر کو دورانِ پرواز کپڑے اتار کر نازیبا حرکات کرنے کے الزام میں میامی ایئرپورٹ پہنچتے ہی حراست میں لے لیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 11 ستمبر کو پیش آیا، جب پرواز 1779 بالٹی مور/واشنگٹن انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے میامی کیلئے روانہ ہوئی۔ دورانِ پرواز عملے نے کاک پٹ کو اطلاع دی کہ نویں قطار میں بیٹھی ایک خاتون مسافر نے اپنے تمام کپڑے اتار دیے اور دیگر مسافروں کے سامنے نازیبا حرکات شروع کردیں۔
عملے نے واقعے کی اطلاع ایئر لائن کے آپریشنز سینٹر کو دی اور طیارے کے میامی پہنچنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی کی درخواست کی۔
رپورٹس کے مطابق پائلٹس نے پرواز کا رخ موڑنے کے بجائے سفر جاری رکھا اور طیارہ میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا، جہاں پولیس اہلکار پہلے سے موجود تھے۔ اہلکاروں نے خاتون مسافر کو طیارے سے اترتے ہی حراست میں لے لیا۔
میامی ڈیڈ کاؤنٹی کے حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع وفاقی تحقیقاتی ادارے کو بھی دی گئی، جبکہ خاتون کے خلاف ممکنہ الزامات کے بارے میں تاحال مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

