امریکا کا ایران پر حملہ پورے خطے کا تنازع بن جائے گا: آیت اللّٰہ علی خامنہ ای

تہران (بین الاقوامی میڈیا) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا کا ایران پر حملہ پورے خطے کو تنازع میں دھکیل دے گا۔تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے کہا کہ اگر امریکا نے جنگ شروع کی تو اس بار یہ علاقائی جنگ بن جائے گی، اہلِ ایران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کو نگلنا چاہتا ہے، لیکن بہادر ایرانی قوم اس کے راستے میں کھڑی ہے، امریکا کا ایران پر حملہ پورے خطے کے لیے سنگین نتائج کا باعث بنے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ حالیہ احتجاجی مظاہرے ملک میں بغاوت کے مترادف تھے، جنہیں ناکام بنا دیا گیا۔آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ایران نہ تو پہل کرنے والا ہے اور نہ ہی کسی ملک پر حملہ کرنا چاہتا ہے، تاہم ایران کے عوام پر حملہ کرنے یا انہیں ہراساں کرنے والوں کو سخت جواب دیا جائے گا۔