امریکہ سے رہائی مہم کا آغاز:عمران خان کے بیٹوں کی ٹرمپ کے ایلچی سے ملاقات

کیلیفورنیا (نامہ نگار)سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے بعد عمران خان کی رہائی کیلئےامریکہ میں باضابطہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور قید میں موجود سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں سلیمان خان اور قاسم خان نے امریکہ میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل سے کیلیفورنیا میں ملاقات کی۔ رچرڈ گرینل نے سماجی پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عمران خان کے بیٹوں کو حوصلہ دیا اور کہا کہ دنیا بھر میں لوگ سیاسی انتقام کے مقدمات سے تنگ آ چکے ہیں اور “آپ اکیلے نہیں ہیں”۔

ذرائع کے مطابق سلیمان اور قاسم خان نے مئی میں پہلی بار اپنے والد کی قید پر عوامی توجہ دلائی تھی۔ عمران خان اگست 2023 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا بھگت رہے ہیں، جبکہ 9 مئی 2023 کے واقعات کے بعد ان پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دیگر مقدمات بھی قائم ہیں۔

دونوں بھائیوں نے پاکستانی نژاد امریکی معالج اور یو ایس کمیشن آن انٹرنیشنل ریلیجس فریڈم (USCIRF) کے نائب چیئرمین ڈاکٹر آصف محمود سے بھی ملاقات کی، جو امریکہ میں پی ٹی آئی کی حمایت حاصل کرنے کی مہم میں سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کے بیٹوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد کی رہائی کیلئےپرعزم ہیں۔

ڈاکٹر آصف محمود نے رچرڈ گرینل کے ہمراہ اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں عمران خان کے دونوں بیٹے موجود ہیں اور کہا کہ عمران خان کی رہائی کیلئےعالمی سطح پر اتحاد کی ضرورت ہے۔

اس ماہ کے آغاز میں عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اعلان کیا تھا کہ قاسم اور سلیمان پہلے امریکہ میں مہم چلائیں گے اور بعد ازاں پاکستان آ کر تحریک کا حصہ بنیں گے۔

ادھر وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے بتایا کہ پاکستانی آئین کے آرٹیکل 16 کے تحت جلسے اور اجتماعات کا حق صرف پاکستانی شہریوں کو حاصل ہے۔ چونکہ دونوں بھائی برطانوی شہریت رکھتے ہیں، اسلئے وہ مقامی سیاسی سرگرمیوں میں قانونی طور پر شامل نہیں ہو سکتے۔ ویزا شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں ان کے ویزے منسوخ کیے جا سکتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے بعض رہنماؤں نے اس معاملے پر متضاد آراء دی ہیں۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ دونوں بھائیوں کو قانونی دائرے میں رہ کر پاکستان آنے اور اپنی سرگرمیوں کا حق حاصل ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں